محمد بن سلمان نے سعودیہ کے جدید ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان جاری کردیا

ریاض میں کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا‘ جو مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے پل کا کردارادا کرے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 نومبر 2022 12:50

محمد بن سلمان نے سعودیہ کے جدید ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان جاری کردیا
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر 2022ء ) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ماسٹر پلان جاری کردیا، ایئرپورٹ دنیا کے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا‘ جو مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے پل کا کردارادا کرے گا، یہاں سے مسافر ناقابل فراموش سیاحتی تجربہ لے کر جائیں گے۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا ہے کہ ماسٹر پلان کے اجراء کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر سے ریاض دنیا بھر کے لیے گیٹ بنے گا، یہ ٹرانسپورٹ، تجارت و سیاحت کا انٹرنیشنل فرنٹ ہوگا کیوں کہ ریاض کا نیا ایئر پورٹ مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے پل کا کردارادا کرے گا، جس کی مدد سے انٹرنیشنل لاجسٹک سینٹر کی حیثیت سے سعودی عرب کی حیثیت مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ایئرپورٹ دنیا کے بڑے ایئرپورٹ میں سے ایک ہوگا، جو تقریباً 57 مربع کلو میٹر کے رقبے پر قائم ہوگا، ایئرپورٹ کے چھ رن وے ہوں گے، اس میں کنگ خالد ایئرپورٹ کے موجودہ ٹرمینلز شامل ہوں گے، رہائشی پروجیکٹ، تفریحاتی اور کاروباری مراکز کےعلاوہ متعدد لاجسٹک ادارے بھی قائم کیے جائیں گے، امدادی اداروں کے لیے مزید بارہ کلو میٹر کا رقبہ شامل کیا جائے گا، نیا ایئرپورٹ ریاض کو دنیا کے دس بڑے طاقتور اقتصادی شہروں کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے سعودی منصوبوں کو آگے بڑھائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ 2030 ءتک سالانہ 120 ملین افراد کو سفر کی سہولت فراہم کرے گا، 2050 تک یہاں سے سالانہ 185 ملین افراد سفر کرسکیں گے، ساڑھے تین ملین ٹن تک کا سامان کارگو کیا جاسکے گا، نئےایئرپورٹ کے قرب و جوار میں تجارتی، تفریحاتی اور رہائشی مراکز منفرد انداز سے قائم کیے جائیں گے، کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک لاکھ 3 ہزار ملازمتوں کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔