وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ایک روزہ دورے پرکابل پہنچ گئیں

منگل 29 نومبر 2022 14:14

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ایک روزہ دورے پرکابل پہنچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ایک روزہ دورہ پر منگل کو افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر اقتصادیات عبدالطیف نظاری اور کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے ہیڈ آف مشن عبید الرحمان نے کابل پہنچنے پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر دورے کے دوران افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی سے سیاسی امور پر مشاورت کریں گی۔ بات چیت میں تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون، علاقائی روابط، عوامی رابطوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور سمیت دوطرفہ تعلقات پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیر مملکت افغانستان میں امن کو مضبوط بنانے اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور حمایت کا بھی اعادہ کریں گے۔