نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاکستان ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا،چیئر مین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

منگل 29 نومبر 2022 15:54

نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاکستان ہمیشہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ساڑھے سات دہائیوں میں اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ منظم اور بڑھتی ہوئی بربریت روا رکھی اور بے گناہوں کا خون بہایا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے، غیر قانونی آبادکاری،قبضہ، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی،انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطیٰ کے مسائل کی جڑ ہے اور فلسطین کے مسئلہ کا حل اقوام عالم اور خاص طور پر خطے کے امن کے لیے نا گزیرہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ انسانی حقوق کی علم بردار تنظیمیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطین کے مسئلے کو سنجیدہ لیتے ہوئے جلد سے جلد بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں اور بین الاقوامی برادری جلد ازجلد مسئلہ فلسطین کے جامع اور منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے۔ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطینیوں، خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بحیثیت قوم جدوجہد آزادی میں فلسطینیوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا اور ان کی آزادی اور حقوق کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا کی جانب سے دنیا بھر کے پارلیمنٹ کے سپیکر کو فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی جارحیت اور بربریت کے بارے میں آگاہ کیا گیاہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو فلسطین میں جاری بربریت کو رکوانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے فلسطینیوں کے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی ظلم وبربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم ممالک فسلطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اسرائیلی جارحیت فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔ عورتوں، بچوں اور نہتے معصوم فلسطینیوں پر بمباری انتہائی بزدلانہ اور شرمناک فعل ہے۔ پاکستان اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا۔