ڈیرہ اللہ یار ،ہفتے کے دوران قتل، ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتیں، شہر کا امن تباہ ہوگیا

منگل 29 نومبر 2022 16:52

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2022ء) ڈیرہ اللہ یار میں ہفتے کے دوران قتل، ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتیں، شہر کا امن تباہ ہوگیا، پولیس ایک بھی ملزم گرفتار نہ کر سکی، بڑھتی بدامنی کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق:ڈیرہ اللہ یار میں ایک بار پھر بدامنی پھیل گئی، ایک ہفتے کے دوران قتل، ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتیں رونما ہونے کے باعث شہر کا امن مکمل طور پر تباہ ہوگیا بڑھتی بدامنی نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، منگل کی علی الصبح شہر کے گنجان آباد علاقے بھنگر کالونی میں ڈکیتی کی بڑی واردات نے شہریوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے چار نامعلوم مسلح ڈکیت منگل کی صبح چھ بجے لیڈی ڈاکٹر فرح ناز کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر لیڈی ڈاکٹر کی عمر رسیدہ والدہ اور گھریلو ملازمہ کو یرغمال بنا کر ہاتھ پاوں باندھ کر پہلے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر گھر کی تجوریوں کے تالے توڑ کر 20 لاکھ روپے نقدی، 20 تولے سونا طلائی زیورات، 20 ہزار سعودی ریال، زرعی زمین اور کمرشل پلاٹس کے دستاویزات، اسلحہ کے لائسنس اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے لیڈی ڈاکٹر فرح ناز کے ملازم شاہنواز کے مطابق واقعہ صبح چھ بجے اس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر اپنے نجی اسپتال میں مریض کا چیک اپ کرنے نکلی گھر میں کوئی بھی مرد موجود نہیں تھا ڈکیتی کی اطلاع ڈیرہ اللہ یار تھانہ کو دی گئی پولیس کی تفتیش ٹیم نے جائے وقوع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لیے قبل ازیں شہر میں موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتیں ہوچکیں اور چند روز قبل گورنمنٹ کنٹریکٹر مجیب رند کے بھائی بشیر احمد کو بھی گھر میں قتل کیا گیا تاہم ڈیرہ اللہ یار پولیس ایک ہفتے کے دوران قتل، ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث کوئی ملزم گرفتار نہ کر سکی پولیس کی سستی اور بدامنی کے باعث شہریوں اور تاجر تنظیموں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں بڑھتی بدامنی کا نوٹس لیکر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے بصورت دیگر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔