وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کی تقریب میں شرکت، جنرل سید عاصم منیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

جنرل سید عاصم منیر پروفیشنل اور انتہائی قابل سولجر، دنیا کی9ویں بڑی فائر پاور آرمی کا سپہ سالار بننا بہت بڑا اعزاز ہے‘پرویز الٰہی

منگل 29 نومبر 2022 19:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی جی ایچ کیو میں پاک فوج کی کمان میں تبدیلی کی تقریب میںشرکت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی سٹاف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر پروفیشنل اور انتہائی قابل سولجر ہیں۔

دنیا کی9ویں بڑی فائر پاور آرمی کا سپہ سالار بننا جنرل سید عاصم منیر کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر کو دنیا کی بہترین فوج کی کمان کا اعزاز حاصل ہواہے اور نئے سپہ سالار کی قیادت میں پاک افواج اپنی کامرانیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دفاعی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ ساز کردار اداکیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک افواج نے معیشت کے استحکام، سفارتکاری اور قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ملک و قوم کیلئے بے مثال کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔