کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب، پاک فوج کے بینڈز کی قومی وعلاقائی دھنوں پر شاندار پرفارمنس ، شرکاء کے دل جیت لئے

منگل 29 نومبر 2022 20:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2022ء) پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں آرمی بینڈز نے قومی اور علاقائی نغموں پر خوبصورت دھنیں اور ڈرمرز نے شاندار پرفارمنس سے دل جیت لئے۔نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب آرمی ہاکی اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل عاصم منیر کو کمانڈ کی چھڑی سونپی ۔

اس پروقار تقریب میں پاک فوج کے بینڈ دستے نے نائب صوبیدار محمد افضل کی قیادت میں شاندار پرفارمنس پیش کی اور ملی و علاقائی نغموں سمیت صوفیانہ کلام پر خوبصورت دھنیں پیش کرکے شرکا ء کے جوش و جذبے کو مزید گرمایا۔جی ایچ کیو بینڈ نے اللہ اکبر، اللہ اکبر، اپنی قوت اپنی جان، جاگ رہا ہے پاکستان، دل دل پاکستان، جان جان پاکستان، اے وطن کے سجیلے جوانو، میرے نغمے تمہارے لیے ہیں جیسی شہرہ آفاق ملی نغموں پر خوبصورت دھنیں پیش کرکے ماحول گرمایا۔

(جاری ہے)

فوجی بینڈ نے اس کے علاوہ اس پرچم کے سائے تلے، جیوے جیوے پاکستان سمیت کئی مشہور ملی نغموں پر بھی دھنیں پیش کیں جب کہ کشمیر کے مقبول گیت میرے وطن تیری جنت میں آئیں گے ایک دن پر بھی سر بکھیرے۔صوبیدار محمد افضل کی زیر قیادت بینڈ نے پنجابی مشہور لوک گیت سرگیے دا تارے آ، ہر خاص وعام کی زبان پر مشہور سندھی لوک کیت مور ٹور ٹلے رانا سمیت بلوچ، پشتو، گلگتی اور کشمیری روایتی لوک گیتوں پر خوبصورت دھنیں بھی پیش کیں۔تقریب میں آرمی اسکول کے ڈرمز نے بھی مسحور کن پرفارمنس کا مظاہرہ پیش کرکے شرکا کے دل جیت لئے۔