Live Updates

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات،وزیر آباد میں عینی شاہدین کے بیانات قلمبند

جے آئی ٹی کے دو ارکان نے تینوں ملزمان نوید،ساجد اور وقاص سے تحقیقات کیں،وقوعہ کے روز تعینات چند پولیس اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 30 نومبر 2022 13:27

عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات،وزیر آباد میں عینی شاہدین کے بیانات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر2022ء) عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں،جے آئی ٹی کے دو ارکان نے وزیر آباد دورے کے دوران تینوں ملزمان نوید،ساجد اور وقاص سے تحقیقات کیں۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جے آئی ٹی کے دو ارکان نے گزشتہ روز وزیر آباد کا دورہ کیا،جے آئی ٹی کے ارکان نے تینوں ملزمان نوید،ساجد اور وقاص سے تحقیقات کیں۔

جے آئی ٹی ارکان نے وزیر آباد میں عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے،ارکان نے وقوعہ کے روز تعینات چند پولیس اہلکاروں سے بھی غیر رسمی تحقیقات کیں۔اے آئی جی کرائم مانیٹرنگ ایس پی راولپنڈی نے سی ٹی ڈی ہیڈ کواٹر کا دورہ کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی نے کام روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

جے آئی ٹی نے سی سی پی او لاہور کی معطلی کا نوٹیفیکیشن بحال ہونے پر کام روکا۔

جے آئی ٹی ارکان کو ہدایات ملنا عارضی طور پر بند ہو گئیں۔وفاقی سروس ٹربیونل نے سی سی پی او لاہور کو معطل کرنے کا نوٹیفیکیشن بحال کیا تھا۔ قانونی ماہرین کے مطابق غلام محمود ڈوگر معطل آفیسر ہیں جو جے آئی ٹی کے سربراہ نہیں رہ سکتے۔وفاقی حکومت نے غلام محمود ڈوگر کو 5 نومبر کو معطل کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔غلام محمود ڈوگر اب 5 نومبر سے معطل تصور ہوں گے۔

پنجاب حکومت نے غلام محمود ڈوگر کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کر رکھا ہے۔ جبکہ عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کی جے آئی ٹی کو کسی دوسرے حملہ آور کی موجودگی اور فائرنگ کے شواہد نہیں ملے۔ جے آئی ٹی ممبران نے وزیر آباد میں تین بار جائے وقوعہ کا دورہ کیا،دوران تحقیقات 800 سے زائد پولیس اہل کاروں سے پوچھ گچھ کی اور بیانات ریکارڈ کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات