علی ظفر نے پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی حالتِ زار کی طرف توجہ دلادی

پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو ترقی دیکر بچوں ،نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع دیا جائے، کرکٹ سے آگے جہاں اور بھی ہیں، گلوکار واداکار

بدھ 30 نومبر 2022 19:59

علی ظفر نے پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی حالتِ زار کی طرف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2022ء) عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر نے ملک میں کھیلوں کی پذیرائی کیلئے ایک اہم مطالبہ کردیا ہے۔علی ظفر نے ٹوئٹر پر پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کی حالتِ زار کی طرف توجہ دلائی ہے۔انہوں نے ایک ٹوئٹر صارف کی بات سے اتفاق کیا کہ یہ واقعی لمحہ فکریہ ہے کہ دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں سے صرف ایک ملک عالمی سطح پر فیفا ورلڈ کپ میں فٹبال کے میدانوں میں کھیلتے ہوئے نظر آتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو ترقی دے کر بچوں اور نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع دیں کیونکہ کرکٹ سے آگے جہاں اور بھی ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں تمام شعبوں میں ٹیلنٹ کو پروان چڑھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

علی ظفر نے لکھا کہ ہمیں ایسے پرانے اور رجعت پسند نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے جہاں صرف ایک شخص کو سب کے لیے فیصلہ کرنے کی اجازت ہو۔

انہوں نے لکھا کہ حال ہی میں پاکستان کی خواتین والی بال ٹیم کی سرپرست نے ان چیلنجز کے بارے میں بات کی جن کا انہیں لڑکیوں کے کھیلنے اور مقابلہ کرنے کے لیے صرف چند انچارجز کی انا کی وجہ سے سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں اس نظام کو بدلنا چاہیئے اور ان لڑکیوں اور لڑکوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار دینا چاہئے۔