پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور سینکڑوں کارکنان نے قربانیاں دے کر ملک بچایا ، صوبائی وزیر گیان چند ایسرانی

بدھ 30 نومبر 2022 23:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دیگر تمام جماعتوں سے الگ جماعت ہے، جس کی اعلیٰ قیادت اور سینکڑوں کارکنان نے قربانیاں دے کر ملک کو بچایا ہے، پیپلز پارٹی نے قید و بند کی صعوبتوں اور تکالیف کے باوجود جمہوریت کےلئے جدوجہد جاری رکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی ضلع جامشورو کی جانب سے پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس پر سیہون میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جلسہ میں بیٹھے ہر شخص کے خون میں پیپلز پارٹی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا، شہید بے نظیر بھٹو کو لیاقت باغ میں شہید کیا گیا۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری کو 12 سال قید میں رکھا گیا، فریال تالپور پر جھوٹے مقدمات درج کرکے گرفتار کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنوں نے جمہوریت کی خاطر تکالیف سہی، جیلوں کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن انہوں نے اپنی قیادت کے ساتھ ملک میں جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہےپیپلز پارٹی نے غریبوں کو نوکریاں اور ترقیاتی سکیمیں دیں ۔ گیان چند ایسرانی نے کہا کہ جنوری تک تمام علاقوں سے سیلابی پانی نکال دیا جائے گا، سید مراد علی شاہ نے مشکل حالات میں دانشمندانہ فیصلے کیے اور دن رات ریلیف آپریشن کی نگرانی کرکے متاثرین کی داد رسی کی۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہونے والی سڑکوں اور نہروں کی تعمیر نو کے لیے سکیمیں تیار کی جا رہی ہیں۔گیان چند ایسرانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔اس موقع پر سید آصف علی شاہ، حنا دستگیر، لال چند اکرانی نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ یوم تاسیس کے جلسہ میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جامشورو کے عہدیداران ، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔