شام میں نیا فوجی آپریشن، پینٹاگون نے ترکیہ کو خبردار کر دیا

گذشتہ ماہ نومبر میں استنبول کے ایک مشہور سیاحتی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 81 زخمی ہو گئے تھے

جمعرات 1 دسمبر 2022 11:14

واشنگٹن /انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2022ء) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطے میں شام میں ترکیہ کے نئے فوجی آپریشن کی سخت مخالفت کی اور ملک میں بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔پینٹاگون نے بتایا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں لائیڈ آسٹن نے 13 نومبر کو استنبول میں ہونے والے حملے پر تعزیت کی۔

پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’انہوں نے شمالی شام اور ترکیہ میں بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس میں حالیہ فضائی حملے بھی شامل ہیں۔ان حملوں میں سے کچھ (حملی) امریکی اہلکاروں کی سکیورٹی کے لیے براہ راست خطرہ ہیں جو شام میں مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش کو شکست دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا اور شام میں ترکیہ کے نئے فوجی آپریشن کے خلاف محکمے کی شدید مخالفت کے بارے میں آگاہ کیا۔گذشتہ ماہ نومبر میں استنبول کے ایک مشہور سیاحتی علاقے میں ہونے والے دھماکے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 81 زخمی ہو گئے تھے۔ترکیہ کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہماری تحقیقات کے مطابق پی کے کے دہشت گرد تنظیم (دھماکے کی) ذمہ دار ہے۔ترکیہ میں پولیس حکام نے ایک شامی خاتون کو گرفتار کیا تھا جن کے بارے میں پولیس نے بتایا تھا کہ ان کے پاس شامی شہریت ہے۔