Live Updates

انتخابات سے بھاگنے والے نہیں ہم بھی صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں،جاوید لطیف

پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلی کے ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،قوم مستقبل میں عمران خان کا فتنہ اور فساد نہیں چاہتی،وفاقی وزیر کی پریس کانفرنس

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 1 دسمبر 2022 12:07

انتخابات سے بھاگنے والے نہیں ہم بھی صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں،جاوید ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ یکم دسمبر 2022ء) وفاقی وزیر جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ہم انتخابات سے بھاگنے والے نہیں ہیں،ہم بھی صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔چاہتے ہیں کہ ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کام کرے۔ جاوید لطیف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پنجاب اور خبیر پختو نخوا کے وسائل استعمال کرکے تقرریاں روکنے چاہتے تھے،ابھی تو رنگ روڈ،ڈالر،چینی اور گندم اسیکنڈل بھی سامنے آنے ہیں۔

بے گناہ ہونے کے باوجود ہماری اپیلیں التوا کا شکار ہیں،ہم جانتے ہیں کہ عمران خان کو کہاں کہاں سے فنڈنگ ہوئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم مستقبل میں عمران خان کا فتنہ اور فساد نہیں چاہتی۔مشکلات کے باوجود ہر سیاسی جماعت نے آئین اور قانون کی بات کی لیکن عمران خان کے نزدیک آئین اور قانون کی کوئی اہمیت نہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب اور خیبر پختو نخوا اسمبلی کے ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

قبل ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے اراکین سے رابطوں کا دعویٰ کیا،خواجہ آصف نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ اسمبلیاں تحلیل ہوں،پی ٹی آئی کے ایسے ہی کچھ لوگ رابطے میں ہیں،اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ آنے دیں،اس کے بعد حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا حتمی فیصلہ ایک دو روز یا جمعہ تک آ جائے گا،اس سے پہلے میں کیا پیش گوئی کرسکتا ہوں،اگر ہماری اس حوالے سے کوئی حکمت عملی ہے تو وہ میں میڈیا پر تو نہیں بتاؤں گا، ظاہری بات ہے کہ پارلیمنٹرین تو نہیں چاہتے وقت سے پہلے ان کی چھٹی ہو جائے۔اسی طرح پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹ جائیں جبکہ پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل سے متعلق پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت اور پنجاب کے چند رہنماؤں کی رائے تقسیم دکھائی دیتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات