پرتھ ٹیسٹ، آسٹریلیا نے پہلی اننگز 598 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی، ویسٹ انڈیز کے بغیر کسی نقصان کے 74 رنز

جمعرات 1 دسمبر 2022 15:27

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) سٹیون سمتھ مارنس لبوشین کی شاندار ڈبل سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 598 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی،ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 74 رنز بنالئے اور اس کو آسٹریلوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 524 رنز کی ضرورت تھی۔

آسٹریلیا کی طرف سے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹیون سمتھ اور مارنس لبوشین نے ڈبل سنچریاں سکور کیں جبکہ ٹویوس ہیڈ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے تھے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مارنس لبوشین 204 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، سٹیون سمتھ ناقابل شکست 200،ٹریوس ہیڈ 99 اور عثمان خواجہ 65 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان کریگ براتھویٹ نے دو جبکہ کائل مائیرز اور جیڈن سیلز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جمعرات کو آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 293 رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو۔ مارنس لبوشین 154 اور سٹیون سمتھ 59 رنز پر کھیل رہے تھے۔ مارنس لبوشین اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری سکور کرنے کے بعد 204 انفرادی رنز بناکر کریگ براتھویٹ کی گیند پر ڈاسلوا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے سٹیون سمتھ کے ساتھ ملکر نہ صرف تیسری وکٹ پر 251 قیمتی رنز جوڑے بلکہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی آٹھویں سنچری اور دوسری ڈبل سنچری سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی میچ میں پوزیشن مستحکم بنادی ۔

ٹریوس ہیڈ کینگروز کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 99 انفرادی سکور بناکر کریگ براتھویٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس موقع پر آسٹریلیا کا مجموعی سکور چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 598 تھا اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ سٹیون سمتھ انفرادی 200کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان کریگ براتھویٹ نے دو جبکہ کائل مائیرز اور جیڈن سیلز نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے کپتان کریگ براتھویٹ اور اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے ٹیگینرائن چندر پال نے اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 74رنز بنالئے تھے اور اس کو آسٹریلوی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے 524 رنز کی ضرورت تھی۔ کپتان کریگ براتھویٹ 18اور ٹیگینرائن چندر پال 47رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ \932