لائیرز کمپلیکس کی جلد تعمیر اور فنڈز فراہمی سے متعلق کیس میں سی ڈی اے سے رپورٹ طلب، سماعت 8دسمبر تک ملتوی

جمعرات 1 دسمبر 2022 16:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لائیرز کمپلیکس کی جلد تعمیر اور فنڈز فراہمی سے متعلق کیس میں سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 8دسمبر تک ملتوی کردی ۔جمعرات کو عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے کمپلیکس کی جلد تعمیر سے متعلق آئندہ سماعت پر سی ڈی اے سے رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت نے سی ڈی اے کو لائیرز کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا ۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق ٹینڈرنگ ہو گئی ہے، کنٹریکٹ سائن نہیں ہوا،زبانی کام نہ ہو، عمل درآمد بھی ہو کمپلیکس کی تعمیر کی تمام دستاویزات جمع کروائیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پر چیئرمین سی ڈی اے کو بلا لیں چیزیں واضح ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس عامر فاروق نے حکم دیا کہ ابھی ڈاکومنٹ منگوا رہے ہیں ضرورت پڑی تو چیئرمین کو بھی بلا لیں گے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ فنڈ سپانسر سی ڈی اے نے کرنا ہے۔وزارت قانون کے نمائندے نے کہا کہ ہم میٹنگ کرتے رہے ہیں ہم سی ڈی اے سے پوچھتے رہے،سی ڈی اے اپنا کام کرلے تو ہم وفاقی حکومت کو سمری بھیجیں گے، اس سے پہلے سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ صاحب نے ایک میٹنگ بلائی تھی ،میٹنگ میں سی ڈی اے ، پلاننگ، وزارت قانون سب موجود تھے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سی ڈی اے کے وکیل سے مکالمہ کیا کہ کام جلدی کرنا یے آپ اگر اس طرح پیسے کا انتظار کرینگے تو کام لمبا ہو جائے گا۔سی ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ ہمیں بے شک قسطوں میں ادائیگی کردیں ہم کام شروع کردینگے،ہم نے یہ پراجیکٹ ایک سال میں مکمل کرنا یے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی ۔