Live Updates

کراچی کے میئر کے لئے فیصلہ پارٹی قیادت اور عوام کرے گی ، بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

جمعرات 1 دسمبر 2022 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2022ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے میئر کے لئے فیصلہ پارٹی قیادت اور عوام کرے گی کہ کس کو کراچی کا میئر ہوناچاہئے، منفی سیاست نے ہمیشہ نقصان پہنچایا اس سے بچنا چاہئے، تنقید برائے تنقید کے بجائے اچھے کام کی تعریف بھی ہونی چاہئے، میں تنقید سے نہیں گھبراتا، بوٹ بیسن کلفٹن میں پارک کو معروف سفارت کار واجد شمس الحسن کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد ملک کے لئے ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے، کراچی کو گرین سٹی بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں،شہر کو سرسبز بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز بوٹ بیسن کلفٹن میں واجد شمس الحسن فیملی پارک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء نجمی عالم، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر خلیل ہوت، ڈی ایم سی ساؤتھ کی ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ڈی ایم سی ساؤتھ کی انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں کہ انہوں نے اتنا اچھا اور خوبصورت پارک بنایا، میری کوشش ہے کہ صاف ستھرا، ہرا بھرا اور مسکراتا ہوا کراچی نظر آئے، انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے جو پریس کانفرنس بلدیاتی انتخابات کے بعد 16 جنوری کو کرنی تھی وہ ابھی سے شروع کردی ہے انہیں ’’مرتضیٰ وہاب فوبیا‘‘ہوگیا ہے، کراچی کی ترقی کے دشمن نہیں چاہتے کہ یہاں ترقی و خوشحالی آئے اور عوام کے مسائل حل ہوں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں اس سال 1150 ملی میٹر بارش ہوئی مگر یہ شہر بند نہیں ہوا جبکہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں 240 ملی میٹر بارش ہوئی اور پورا شہر بند ہوگیاحالانکہ ان کے وسائل ہم سے کہیں زیادہ ہیں اس کے باوجود وہاں شہر کا جو حشر تھا وہ سب نے دیکھا، کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ کراچی میں کام نہ ہو، سڑکیں نہ بنیں، پارک کی تزئین و آرائش نہ کی جائے لیکن ہم اپنا کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسمبلیوں سے استعفٰے دینے کا اعلان پہلے کیا اور اپنی پارٹی کے لوگوں سے مشورہ بعد میں کر رہے ہیں، یہ طریقہ کار آج تک نہیں دیکھا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کی آمدنی میں اضافے کے لئے ایک کوشش تھی اور کے الیکٹرک بل کے ذریعے میونسپل یوٹیلیٹی بلوں کی وصولیابی شروع کی تھی لیکن مخالفت برائے مخالفت کے باعث اس کام کو رکوا دیا گیا جسے کسی بھی طرح شہر کے مفاد میں نہیں کہا جاسکتا، اب معاملہ عدالت میں ہے، اس طرح کے طرز عمل سے گریز کرنا ہوگا، تبھی ہم آگے بڑھ سکیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس شہر کو اون کرنا ہے،اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنا اور پودے اور درخت لگانا ہماری ذمہ داری ہے،شہری اداروں کے علاوہ علاقہ مکینوں نے بھی اپنے قریبی پارک کو صاف رکھنا ہے،کے ایم سی کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں پارکس تعمیر کئے جاچکے ہیں جہاں شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، واجد شمس الحسن پارک میں بھی بچوں کے لئے جھولے لگائے گئے ہیں اور پارک میں باسکٹ بال کھیلنے کی سہولت دستیاب ہے، اس کے علاوہ اس پارک میں واکنگ ٹریک اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات