انسدادِ تجاوزات ٹیم کی اسلام آباد کے شہری علاقوں میں کارروائیاں، پلاٹ لائن سے باہر تجاوزات مسمار، گھروں کے باہرجنگلے ، باڑیں اور چار دیواریاں اور غیر قانونی کھوکھا مسمار

جمعرات 1 دسمبر 2022 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2022ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) کے چیئرمین کیپٹن(ر) محمد عثمان یونس کی ہدایات پر ڈی جی انفورسمنٹ نے انسدادِ تجاوزات ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں پلاٹ لائن سے باہر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا اور گھروں کے باہرجنگلے ، باڑیں اور کانٹے دار تاروں کی رکاوٹوں کو ختم کرکے عوامی راستے بحال کر دیئے۔

یہ تجاوزات سی ڈی اے کی زمین پر کی گئی تھیں، کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی لان کو ختم کرا دیا گیا۔ انفورسمنٹ عملہ نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں جی سکس، جی نائن، ایچ ۔13، بری امام، سی۔13 میں تجاوزات کو ختم کرایا ۔ آپریشن کا آغاز سیکٹر جی سکس آبپارہ جی ٹی ایس اڈہ سے کیا گیا جہاں ایک غیر قانونی کھوکھا مسمار کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بلڈنگ بائی لاز کے زمرے میں بھی کارروائی کرتے ہوئے سیکٹرایچ۔

13 میں خلافِ ضابطہ بنائی گئی عمارتوں کو سر بمہر کردیا گیا۔ بری امام میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دوعدد چاردیواریاں مسمار کر دی گئیں۔ سیکٹر جی نائن نیلم روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گھروں کے باہر لان، لوہے کی باڑ اور جنگلے مسمار کر دیئے۔ اس کے علاوہ مارگلہ روڈ پر مقامی لوگوں نے روڈ کا تعمیراتی کام بند کرا دیا تھا جس پر انفورسمنٹ سٹاف نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر جا کر کام شروع کرا دیا۔

متعلقہ عنوان :