جوہری ہھتیار رکھنے والے مملک کے درمیان کوئی بھی جنگ مکمل ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے ، روس

جمعہ 2 دسمبر 2022 12:04

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) روس کے وزیر خارجہ سرگی لاوروف نے خبر دار کیا ہے کہ جوہری ہھتیار رکھنے والے مملک کے درمیان کوئی بھی جنگ مکمل ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے اس لئے اس سے ہر قیمت پر گریز کیا جانا چاہیے۔روسی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جوہری طاقتوں کے درمیان کوئی بھی جنگ چاہے کوئی اسے روایتی ہتھیاروں سے ہی شروع کرنے کا فیصلہ کرے ، ناقابل قبول ہے کیونکہ اس جنگ کے کسی بھی وقت ایٹمی جنگ میں تبدیل ہوجانے کا بہت بڑا خطرہ موجود ہے۔

امریکا اور روس کی طرف سے اپنی اپنی ایٹمی صلاحیتوں میں کمی کے حوالے سےایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ستمبر 2021 میں امریکا نے جوہری ہتھیاروں کے حوالہ سے دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو محدود کرنے بارے مذاکرات کو معطل کر دیا تھا حالانکہ اس وقت روس نے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے امریکی عزائم کا واضح اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتوں کی حیثیت سے امریکا اور روس کی ذمہ داریوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔انہوں نے اس موقع پر امریکی اور روسی رہنمائوں کے ایک مشترکہ اعلامیے کا بھی زکر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ملک ایٹمی جنگ جیت نہیں سکتا اس لئے ایسی جنگ شروع کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جانی چاہیے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس اس وقت بھی اس اعلامیے کو وسعت دینے کا خواہاں تھا اور چاہتا تھا کہ اس اعلامیے میں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کسی بھی جنگ کو ناقابل قبول قرار دیا جائے کیونکہ ایسی کوئی بھی جنگ مکمل ایٹمی جنگ میں بدل جانے کا بہت بڑا خطرہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں طرف سے روس کی طرف سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال بارے پروپیگنڈے پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ امریکا فرانس اور برطانیہ یوکرین کی جنگ میں براہ راست شمولیت کو بڑھانے کے لئے تمام تر اقدامات کر رہے ہیں اور یوکرینیوں کو سامنے رکھ کر وہ درحقیقت روس کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جو ایک خطرناک رجحان ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر روس کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کی اجازت صرف جوابی حملے کے لئے یا اس صورت میں دی جائے گی جب روایتی ہتھیاروں کے حملے سے روسی ریاست کوکوئ خطرہ لاحق ہو جائے۔