بلوچستان، جی بی اور فاٹا کے سی ایس ایس کے امیدواروں کے لئے خصوصی امتحان کے لئے عمر کی بالائی حد 34 سال کی گئی ہے، مرتضی جاوید عباسی

جمعہ 2 دسمبر 2022 13:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ بلوچستان، جی بی اور فاٹا کے سی ایس ایس کے امیدواروں کے لئے خصوصی امتحان کے لئے عمر کی بالائی حد 32 سے 34 سال کی گئی ہے، اس میں مزید اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔ جمعہ کو عالیہ کامران کے سی ایس ایس کے امتحان کے لئے بلوچستان کے خواہشمند امیدواروں کی عمر کی حد 37 سال نہ کرنے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ سی ایس ایس کے لئے بالائی عمر کی حد 30 سال ہے۔

بلوچستان کے لئے پہلے ہی دو سال کی رعایت ہے۔ کابینہ نے سی ایس ایس کے لئے انٹری ٹیسٹ کا نیا نظام لاگو کرنے کی منظوری دی ہے۔ جنوری سے یہ انٹری ٹیسٹ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی 63 نشستیں خالی ہیں، یہ 2004ء سے خالی ہو رہی ہیں۔ بلوچستان کی طرف سے اگر کوئی نہیں آئے گا تو نشست خالی رکھی جاتی ہے اور دوبارہ اشتہار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے لئے بالائی عمر کی حد 34 سال ہے۔

اگر مزید دو سال اضافہ کیا گیا تو باقی صوبوں کے امیدواروں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہوگی۔ عالیہ کامران نے کہا کہ یہ خصوصی امتحان ہے ، اگر عمر کی بالائی حد نہ بڑھائی گئی تو یہ نشستیں پھر خالی رہیں گی۔ وزیراعظم صرف ایک مرتبہ کے لئے رعایت دے سکتے ہیں۔ ہمارے صوبے کے مخصوص حالات ہیں، دوسرے صوبوں سے موازنہ نہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ یہ خصوصی امتحان صرف بلوچستان کے امیدواروں کے لئے لیا جارہا ہے۔ عمر کی بالائی حد 32 سے 34 سال اس لئے کی جارہی ہے تاکہ بلوچستان کے امیدوار اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :