بہترین معاشرے کی تشکیل کیلئے حسن اخلاق خشت اول ہے،مولانا محمد زمان سیفی

حضور اکرم ؐ کی تشریف آوری کے مقاصد میں سے ایک حسن اخلاق کی تکمیل تھا ، مسلم ملت کو اسوہ حسنہؐ سے راہنمائی لینے کی ضرورت ہے،ناظم اعلیٰ اہلسنت رابطہ کونسل آزاد کشمیر

جمعہ 2 دسمبر 2022 18:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2022ء) اہلسنت رابطہ کونسل آزاد کشمیر کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد زمان سیفی نے کہا ہے کہ بہترین معاشرے کی تشکیل کیلئے حسن اخلاق خشت اول ہے،حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری کے مقاصد میں سے ایک حسن اخلاق کی تکمیل تھا ، مسلم ملت کو اس سلسلے میں اسوہ حسنہؐ سے راہنمائی لینے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جامع مسجد گل زارِ مدینہ برارکوٹ آزاد کشمیر میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے "حسن معاشرت" کے عنوان پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ازروئے تخلیق تمام انسان برابر ہیں ،قوم قبیلے محض پہچان کی خاطر بنائے گئے ہیں ، اللہ سبحانہ وتعالی کے ہاں عزت کا معیار فقط تقوی ہے ، ایک صاحب ایمان کے لیے قوم قبیلے کی بنیاد پر اترا نا اور دوسروں کو حقیر سمجھنا کسی بھی طور پر درست نہیں ،انسان مٹی سے بنایا گیا ہے اور عاجزی اس کا خاصہ ہے، قبیلاء عصبیت و خاندانی تفاخر دور جاھلیت کی یادگاریں ہیں جو ایک مہذب اور پر امن معاشرے کے لیے زہر قاتل ہیں ، بندہ مومن کا شیوہ یہی ہے کہ وہ اپنے آپ کو سب سے کم تر سمجھیاور بلا تخصیص مخلوق خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنائے کہ فرمان نبوی کے مطابق مخلوق اللہ کا کنبہ ہے اور اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے نزدیک سب سے اچھا وہی ہے جو اسکے کنبے کے ساتھ اچھا ہے ، جملہ سیاسی جماعتوں کا فریضہ ہے کہ وہ انتخابی رنجشوں کو بھلا کر مخلوق خدا کی بھلائی کے لیے کاوشیں کریں، عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے نمائندوں کو ان کے فرائض یاد دلانے میں مستعد رہیں ، سیاسی رہنماؤں پر لازم ہے کہ وہ لڑاؤ اور حکومت کرو کے پرانے فارمولے کو ترک کر کیانتخابی رنجشوں کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کو بہتر کرنے میں اپنا مؤثرکردار ادا کرتے ہوئے انتخابات کو ایک مثبت سیاسی سرگرمی کے طور پر دیکھنے کی تلقین کریں اسی صورت میں ایک مثبت معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکتی ہے۔