ہم پچز بنانے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، رمیز راجا

جمعہ 2 دسمبر 2022 22:21

ہم پچز بنانے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، رمیز راجا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2022ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا کا کہنا ہے کہ انگلینڈ والے ٹیسٹ کے لیے ٹی ٹوئنٹی کے کھلاڑی لیکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پنڈی سٹیڈیم کی بے جان وکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پچز بنانے میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، پنڈی سٹیڈیم کی پچ بہتر ہونی چاہیے تھی کیونکہ پچ شہ رگ ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر گھاس والی پچوں پربھی بائونس ہوتا ہے، سیزن میں اچھی پچز بنیں گی اور کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ میں بھی یہی پچز ملیں گی۔رمیز راجا نے کہا کہ ڈراپ ان پچز مسئلے کا حل ہو سکتا ہے، ڈراپ ان پچز مہنگی ہوتی ہیں لیکن امید کرتا ہوں کہ پچیں اچھی بنیں گی، ڈراپ ان پچ بحری جہاز میں آنی ہے، پاکستان خود ڈراپ ان پچیں بنائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں انگلینڈ کی بیٹنگ کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انگلینڈ نے جیسی بیٹنگ کی وہ آج تک نہیں دیکھی، انگلینڈ والے ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر لیکر آئے ہیں، پاکستان کو بھی سوچنا پڑے گا۔

ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نہیں جانا لیکن ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر نہیں جا سکتا، ایشیا کپ ہمارا ہے، ایشیا کپ پاکستان سے باہر نہیں جا سکتا۔