بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم میں توسیع

جمعہ 2 دسمبر 2022 22:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے بہارہ کہو بائی پاس کے قائد اعظم یونیورسٹی کی جگہ پر تعمیرات روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔جمعہ کے روز بہارہ کہو بائی پاس کی تعمیر کیخلاف قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسرز کی درخواست پر سماعت کے دوران سی ڈی اے اور یونیورسٹی کے درمیان تنازع پر وفاقی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ بہارہ کہو بائی پاس منصوبے سے اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی نہیں ہوئی،عوامی مفاد میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے سی ڈی اے بااختیار ہے،منصوبے کی تعمیر سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونگی،یونیورسٹی کی عمارت بائی پاس سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، درخواست گزار وکیل نے کہاکہ بائی پاس منصوبے کی جگہ پر پاک چین ریسرچ سنٹر کی تعمیر ہونا تھی، سینڈیکیٹ کی جانب سے 7 ارب روپے کے فنڈز زمین کی دستیابی سے مشروط ہیں، درخواست گزاروں کے وکیل کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے مزید سماعت 6دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔