محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈینگی صورتحال بارے جائزہ اجلاس

جمعہ 2 دسمبر 2022 22:06

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈینگی صورتحال بارے جائزہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2022ء) محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈینگی صورتحال کا جائزہ اجلاس صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس کے دوران لاہور اور ملتان میں ڈینگی کیسز سمیت ڈینگی ورکرز کی سرویلنس سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ڈینگی ورکرز کی سرگرمیاں روزانہ فوٹو کے ساتھ ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کی جائیں اور تمام سی ای او، ڈی ایچ او، ڈی ڈی ایچ اوز فیلڈ میں نظر آئیں۔

ڈاکٹر اختر ملک کا کہنا تھا کہ نااہل اور کام چور افسران کو دور دراز علاقوں میں بھیجا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ڈینگی کیسز کے رپورٹنگ نظام اور ڈیٹا انیلیسز بہتر بنایا جائے اور ملتان میں بوسن روڈ، بوسن ٹان میں سرویلینس کو زیادہ تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نجی لیبز کا ڈیٹا بھی ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کیا جارہا ہے۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے تنبیہ کی کہ عدم تعاون پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے کارروائی کی جائیگی۔صوبائی وزیر صحت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں رواں سال میں اب تک 8090 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1,73000 نوٹسز جاری کئے گئے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 5231 مقدمات اور 2757 گرفتاریاں ہوئیں۔

اس موقع پر سپیشل سیکرٹری کوثر خان، ایڈیشنل سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز عاصم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب گورمانی نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر عامر مفتی اور سی ای او ملتان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز میں تمام ڈائریکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سی ڈی سی، این سی ڈی، ای پی ائی ہیپاٹائیٹس، ٹی بی اور ایڈز کنٹرول پروگرامز کی گزشتہ ماہ کے دوران کارکردگی رپورٹس کا معائنہ کیا۔