صوبہ پنجاب کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ

10 مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے‘ بنیادی سہولیات کی فراہمی کا پلان بھی تیار کیا جائے، وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے حتمی سفارشات طلب کرلیں

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 دسمبر 2022 12:23

صوبہ پنجاب کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2022ء ) صوبہ پنجاب کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی نے حتمی سفارشات طلب کرلیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران چوہدری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے پنجاب کی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں کی تفصیلات وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا پلان بھی تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی نے مالکانہ حقوق دینے کے لیے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ 10 مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے تمام امور جلد طے کیے جائیں اور اس حوالے سے جلد از جلد تمام تر اقدامات کیے جائیں۔

اس کے علاوہ وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی نے صوبائی دارالحکومت میں 500 سے زائد الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 19واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور میں 513 ہائبرڈ/الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور فیڈرروٹ کے لئے مزید بسیں لانے کا پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور سپیڈو فیڈر بس سروس کی لاہورسے شیخوپورہ اورمریدکے تک توسیع کی بھی منظوری دی۔