Live Updates

عمران خان کی جانب سے حکومت کومذاکرات کی پیشکش کے بعد سیاسی ہلچل میں کمی

پی ٹی آئی کی جانب سے اسمبلیاںتحلیل کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ15 دسمبر کے بعد کئے جانے کا امکان پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی عدم اعتماد یا دیگر آپشن کے استعمال کو عارضی طور پرموخر کر دیا‘ ذرائع

ہفتہ 3 دسمبر 2022 13:36

عمران خان کی جانب سے حکومت کومذاکرات کی پیشکش کے بعد سیاسی ہلچل میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے حکومت کومذاکرات کی پیشکش کے بعد سیاسی ہلچل کم ہو گئی ،تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی حکومتوں کی تحلیل کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ15 دسمبر کے بعد کئے جانے کا امکان ہے ، پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی عدم اعتماد یا دیگر آپشن کے استعمال کو عارضی طور پرموخر کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وفاقی حکومت کو انتخابات کی تاریخ کے لئے مذاکرات کی مشروط پیشکش کے بعد اپوزیشن کی مرکزی جماعت (ن) لیگ نے غیر رسمی مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے اور اسی وجہ سے صوبے میں گزشتہ کئی روز سے جاری سیاسی ہلچل میں بھی کمی دیکھی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ 15دسمبر کے بعد کئے جانے کا امکان ہے جس کے بعد پنجاب میں اپوزیشن کی مزاحمتی سر گرمیوں میں بھی کچھ ٹھہرائو آیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے خلاف عدم اعتماد اور گورنر کی طرف سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ عارضی طور پر موخر کیا گیا ہے اور وفاقی حکمران اتحاد اور پنجاب کی اپوزیشن نے انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے موجودہ صورتحال پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں عمران خان کے بیان پر اتحادی حکومت اپنی نئی حکمت عملی اپنائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات