خصوصی افراد کو زندگی کے تمام پہلوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فعال اقدامات کریں گے،صدر ڈاکٹرعارف علوی کا پیغام

ہفتہ 3 دسمبر 2022 13:55

خصوصی افراد کو زندگی کے تمام پہلوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق اور فلاح و بہبود کے فروغ کیلئے پاکستان عالمی برادری کیساتھ ملکر خصوصی افراد کا دن منا رہا ہے، خصوصی افراد یا مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی اور مکمل طور پر شامل کرنا اہم ہے۔

ہفتہ کو ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں ایک ارب سے زیادہ افراد یا تقریبا 15فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے، ان 15 فیصد میں سے 80فیصد خصوصی افراد ترقی پذیر ممالک میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خصوصی افراد کی آبادی کا تخمینہ 10فیصد سے زیادہ ہے جو تشویشناک اعداد و شمار ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ اس بڑی آبادی سے جڑے دقیانوسی تصورات کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر آئیں یہ عہد کریں کہ خصوصی افرادکو زندگی کے تمام پہلوئوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فعال اقدامات کریں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ خصوصی افراد کو معیاری تعلیم اور ہنر فراہم کریں گے، انھیں معاشی اور مالی طور پر بااختیار بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی سیاسی، سماجی، اقتصادی اور ثقافتی دھارے میں برابری کی حیثیت سے شرکت کے لیے سازگار حالات پیدا کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز خصوصی افراد کو زندگی کے تمام شعبوں کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے خصوصی کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے کے اداروں میں تعلیم کی فراہمی، معیاری صحت سہولیات اور روزگار کی فراہمی یقینی بنائیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو ان کے ہنر اور صلاحیت کے ساتھ کوٹے کے حساب سے نوکریاں دی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا خصوصی افراد سے منسلک منفی رویوں اور دقیانوسی تصورات کو دور کرنے اور اِس کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کرے۔ صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ میڈیا معذور افراد کے حقوق اور ان کی طرف ہماری ذمہ داریوں کے بارے میں معاشرے میں شعور اور بیداری پیدا کرے۔\932