مصطفیٰ نواز کھوکھر کی خالی کردہ سینیٹ نشست پر وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب

سندھ سے سینیٹ کی سیٹ کے الیکشن میں ایم کیو ایم کے امیدوار دستبردار‘ کاغذات نامزدگی واپس لے لیے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 دسمبر 2022 14:09

مصطفیٰ نواز کھوکھر کی خالی کردہ سینیٹ نشست پر وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2022ء ) پیپلزپارٹی کی طرف سے استعفیٰ طلب کیے جانے کے بعد مصطفیٰ نواز کھوکھر کی بطور سینیٹر خالی کردہ سینیٹ نشست پر وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ہونے والے انتخاب سے پہلے ہی ایم کیو ایم کے امیدوار احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری الیکشن سے دستبردار ہوگئے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے تینوں امیدواروں نے دستبردار ہونے کی درخواست جمع کرادی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے متبادل امیدوار عاجز دھامرا نے بھی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کردیا جس کے نتیجے میں پی پی کے وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے تاہم پیپلزپارٹی کے وقار مہدی سینیٹ کی جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن جاری کرے گا، کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کی درخواستیں منظور ہونے کا اعلان بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے جلد ہی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقارمہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کے لیے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں کیوں کہ آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔ خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے مصطفٰی نواز کھوکھر سینیٹ کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے، انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے سینیر لیڈر سے ملاقات ہوئی، مجھے بتایا گیا پارٹی قیادت میرے سیاسی موقف سے خوش نہیں ہے، مجھے بتایا گیا کہ پارٹی میرا استعفیٰ چاہتی ہے تو میں نے بخوشی استعفیٰ دینے پر رضامندی ظاہر کی اور فاروق ایچ نائیک کی ہدایت پر مستعفی ہورہا ہوں اور میں اپنا استعفٰی باضابطور پر پیش کر رہا ہوں، میں پارٹی کی جانب سے مثبت ردعمل اور حمایت پر شکر گزار ہوں، سوچا نہیں تھا کہ پارٹی ایسے سپورٹ کرے گی، لوگ میرے سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں، واضح طور پر بتا دوں کہ میں کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہو رہا۔

واضح رہے کہ مصطفٰی نواز کھوکھر2018 میں پیپلز پارٹی کی نشست پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے منظوری کا نوٹیفیکشین جاری کر دیا گیا ہے، سینیٹ سیکرٹریٹ نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی سینیٹ کی نشست خالی قرار دے دی۔