Live Updates

شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا

شہباز گل پر اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام پر ایف آئی ار درج کی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 3 دسمبر 2022 14:24

شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف بلوچستان میں بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف گذشتہ روز قلعہ عبداللہ تھانے میں درخواست دی گئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا گیا۔شہباز گل پر اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام پر ایف آئی ار درج کی گئی۔

شہباز گل اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ضمانت پر ہیں۔اعظم سواتی کے خلاف بھی سندھ اور بلوچستان میں مقدمات درج ہیں۔ بلوچستان پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء و سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ منتقل کیا۔ جن کے خلاف پاک فوج کیخلاف تقریر کرنے پر بلوچستان میں مختلف علاقوں میں مقدمات درج کئے گئے تھے،پولیس ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو گرفتار کر کے کوئٹہ لے آئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا بتانا ہے کہ اعظم سواتی کو بلوچستان کی کسی جیل میں رکھا جائے گا۔خیال رہے کہ اعظم سواتی کو اداروں اور ان کے سربراہان کے خلاف متنازعہ ٹوئٹس کے معاملے پر گرفتار ہونے والے سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔ متنازعہ ٹوئٹس کے معاملے پر سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہیں 27 نومبر کو ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔جبکہ بلوچستان کے علاقوں کچلاک ، پسنی ،لسبیلہ،گوادر، خضدار، ژوب میں ان کیخلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کی تھی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات