Live Updates

اسی مہینے اسمبلیاں تحلیل کریں گے‘ جب بھی الیکشن ہوں جیت ہماری ہوگی، عمران خان

66 فیصد نشستیں خالی ہوں تو ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا پڑے گا‘ انتخابات میں تاخیر ہوتی ہے تو اس میں بھی پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا۔ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 دسمبر 2022 16:07

اسی مہینے اسمبلیاں تحلیل کریں گے‘ جب بھی الیکشن ہوں جیت ہماری ہوگی، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسی مہینے اسمبلیاں تحلیل کریں گے، 66 فیصد نشستیں خالی ہوں تو ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا پڑے گا لیکن اگر انتخابات میں تاخیر ہوتی ہے تو اس میں بھی پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا، اکتوبر میں الیکشن ہوں یا اگست میں جیت ہماری ہوگی۔ خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو دنیا میں کٹھ پتلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے، کسی بھی شعبے میں ترقی نہیں ہورہی، حکمرانوں کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے کوئی روڈ میپ نہیں، الیکشن جب بھی ہوں پی ٹی آئی نے جیتنا ہے، اکتوبر میں الیکشن ہوں یا اگست میں جیت ہماری ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں سے بات چیت کس بنیاد پر ہوگی؟ ہوہی نہیں سکتی، جنرل پرویز مشرف نے حکمرانوں کو این آراو دیا، موجودہ صورتحال میں ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، اس لیے الیکشن پی ٹی آئی نہیں ملک کی ضرورت ہے، الیکشن میں تاخیر ہوتی ہے تو اس میں بھی پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا، حکمرانوں کی کارکردگی سے لوگ تنگ آگئے ہیں، نوازشریف اورآصف زرداری کا مفاد ملک میں نہیں کیوں کہ نوازشریف اورآصف زرداری کا پیسہ توملک سے باہر پڑاہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسحاق ڈار نے کہا مفتاح اسماعیل نے کچھ نہیں کیا، اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی ملک سے جہاز کے ذریعے فرار ہوئے تھے، لوگوں کو علم ہے پی ڈی ایم نے کیا کرنا ہے، دیگر ممالک اور ادارے ان کی وجہ سے ملک پر اعتماد نہیں کررہے، تاخیر کرکے ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں کہ الیکشن جیت جائیں، جب ان کو لگے گا الیکشن نہیں جیت سکتے تو باہر بھاگ جائیں گے، حکمرانوں کے حربوں سے ملک کا نقصان ہورہاہے، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ملا ہے، اس لیے ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرناہے، رواں ماہ ہی اسمبلیاں تحلیل کریں گے، 66 فیصد نشستیں خالی ہوں تو ملک کو عام انتخابات کی طرف جانا پڑے گا، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو اب تیاری کرنی چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات