پولیس کانفرنس ہال صوابی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی کی زیر صدارت اجلاس

ہفتہ 3 دسمبر 2022 18:13

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) پولیس کانفرنس ہال صوابی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی کیپٹن (ر) نجم الحسنین کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی، میٹنگ میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور حالیہ دہشتگردی کے واقعات سمیت اہم امور زیر غور آئے اور ایسے واقعات سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔

اس موقع پر ڈی پی او صوابی نے حالیہ دہشتگردی کے افسوس ناک واقعات اور پولیس جوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے ہدایات جاری کرتے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ، جرائم کا انسداد اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنا ہمارے بنیادی فرائض میں شامل ہے تا ہم ان فرائض کی ادائیگی کے دوران ہمیں اپنی حفاظت بھی یقینی بنانی ہے اور شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے ،اس مقصد کے لئے ضروری ہے کہ پولیس افسران و جوانان دوران ڈیوٹی حفاظتی تدابیر اپنائیں اور بلٹ پروف جیکٹ و ہلمٹ کااستعمال یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فرائض کی ادائیگی کے دوران پولیس افسران و جوانان کی حفاظت کے لئے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات پر عمل درآمد کے لئے سپروائزری افسران تمام ضروری وسائل بروئے کار لائیں اور وقتاً فوقتاً ایسے اقدامات کی نگرانی بھی کریں۔ڈی پی او صوابی نے شرکاء میٹنگ کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سپروائزری افسران کو مختلف ٹاسک بھی دئے۔