راولپنڈی ٹیسٹ ،پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں7 وکٹوں کے نقصان پر 499رنز بنا لیے

امام الحق،عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے سنچریاں سکور کیں، انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور 657 کو برابر کرنے کیلئے مزید 158 رنز درکار

ہفتہ 3 دسمبر 2022 18:20

راولپنڈی ٹیسٹ ،پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں7 وکٹوں کے نقصان پر 499رنز ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں7 وکٹوں کے نقصان پر 499رنز بنا لیے،امام الحق،عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے سنچریاں سکور کیں، انگلینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور 657 کو برابر کرنے کیلئے مزید 158 رنز درکار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 181 رنز سے اپنے کھیل کا آغازکیا،پاکستان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 225 رنز بنائے،225 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی ،عبد اللہ شفیق 114 رنز بناکرول جیکس کی گیند پر وکٹ کیپر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے،ان کے بعد اظہر علی بیٹنگ کیلئے آئے۔

245 رنز کے مجموعی سکور پرپاکستان کی دوسری وکٹ گرگئی،دوسرے اوپنر اما م الحق 121 رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر رابنسن کے ہاتھوں باونڈری پر کیچ ہو گئے،اس موقع پر کپتان بابر اعظم بیٹنگ کیلئے آئے، 290رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی،اظہر علی 27 رنز بنا کرجیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے،ان کے بعد سعود شکیل بیٹنگ کیلئے آئے،کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور 3 وکٹوں کے نقصان پر298رنز تھا،چائے کے وقفے کے بعد کپتان بابر اعظم نے سنچری بنا لی،انہوں نے 126 گیندوں پر13چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی،یہ ان کی 8 ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے چائے کے وقفے پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بنا لیئے تھے۔413رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی،سعود شکیل 37 رنزبنا کر رابنسن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔اس موقع پرمحمد رضوان بیٹنگ کیلئے آئے،473 رنز پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گر گئی،کپتان بابر اعظم 136 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر جیک لیچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

ان کے بعد سلیمان علی آغا بیٹنگ کیلئے آئے،475 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چھٹی وکٹ گر گئی ،محمد رضوان 29 رنز بناکر اینڈریسن کی گیند پر بین اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے،ان کے بعد نسیم شاہ بیٹنگ کیلئے آئے،497 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی ساتویں وکٹ گر گئی۔نسیم شاہ 15 رنز بنا کر ول جیک کی گیند پر جیک لیچ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔

اس موقع پر زاہد محمود بیٹنگ کیلئے آئے،پاکستان نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی پہلی اننگ میں 7وکٹوں کے نقصان پر 499 رنز بنا لئے،سلیمان علی آغا 10 رنز جبکہ زاہد محمود ایک رن ب ا کر کریز پر موجود ہیں،تیسرے روز بھی 14 اوورز کا کھیل نہیں ہوسکا،انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے سب سے زیادہ 3، جیک لیچ نے ، جیمز اینڈرسن اور اولی رابنسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔