فیصل آباد،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں طلبہ کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے چینج میکنگ مقابلہ جات کا آغاز

ہفتہ 3 دسمبر 2022 20:59

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2022ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں طلبہ کی کاروباری صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے چینج میکنگ مقابلہ جات کا آغاز ہو گیا ہے جس میں وہ معاشرے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اختراعی سوچ پر مبنی ٹھوس کاروباری منصوبہ جات پر کام کریں گے۔سینئر ٹیوٹر آفس کے ینگ ڈویلپمنٹ کورپس جامعہ زرعیہ اور YES نیٹ ورک پاکستان کے تعاون سے دو ہفتوں پر مشتمل مقابلوںمیں 40 طلباء حصہ لے رہے ہیں۔

افتتاحی سیشن میں یس نیٹ ورک کے سی ای او علی رضا خان اور سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی مہمانان اعزاز تھے جبکہ ڈاکٹر عمیر گل اور ریسرچ ایسوسی ایٹ نہال احمد خاں نے بھی خطاب کیا۔ علی رضا خان نے کہا کہ قدرت نے ہر فرد کو منفرد صلاحیتوں کے ساتھ نوازا ہے جس کی پہچان سے انسان ترقی کی نئی راہیں کھولتے ہوئے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ ہر سال کئی سو نوجوانوں کو اپنا پہلا تبدیلی کا سفر شروع کرنے میں مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اقتصادی بہتری سے معاشرے میں پھیلی تاریکیوں کو اجالوں میں تبدیل کر سکیں۔ ڈاکٹر شوکت علی نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کو پہنچانتے ہوئے زندگی کے سفر میں ترقی اور خوشحالی کی راہیں ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں کورونا اور دیگر عوامل کی وجہ سے نوکریوں میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے جس کیلئے پرجوش نوجوان اپنے ذہنوں کو انٹرپرینیورشپ کی صلاحیتوں سے معطر کریں تاکہ وہ ملازمت کی تلاش کی بجائے نوکریاں فراہم کرنے کے قابل بن جائیں۔

ڈاکٹر عمیر گل نے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لا رہی ہے تاکہ ان کی امید کی کرن حقیقی روپ دھارتے ہوئے انہیں 5ترقیو ںاور کامرانیوں سے ہمکنارکر سکے۔ نہال احمد خاں نے کہا کہ ہماری سرزمین کو قدرت نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔اگر ہم پرعزم نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں اعتماد بھی دیں تو وہ سالوں میں طے ہونے والا ترقی کا سفر مہینوں میں کر سکتے ہیں۔