سی ٹی ڈی کی کارروائی ، 4 مبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ ودھماکہ خیز مواد برآمد

ہفتہ 3 دسمبر 2022 21:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2022ء) کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کارروائی کر کے4مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیئے۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 9انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیئے جس میں 9 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں علی رضاعلی اکبرظہیر محمود اور نیک محمد شامل ہیں جن کاتعلق القاعدہ تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر مختلف کالعدم مذہبی تنظیموں سے ہے۔ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں کے قبضے سے ممنوعہ تنظیم کے نفرت انگیز موادپر مشتمل 10 کتابچے ،ممنوعہ تنظیم کے 37 پمفلٹس ،رسید بک،3 میگزین اور8470روپے نقدی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہاکہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا ، وہ اہم تنصیبات،دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے ،مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس کی مدد سے327 کومبنگ آپریشنز کیے گئے ،ان آپریشنز کے دوران14320 افراد کو چیک، 42 مشتبہ افراد کو گرفتار39 ایف آئی آر درج جبکہ24 بازیابیاں کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی،انہوں نے کہا کہ شہری دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر کال کریں۔