یونیورسٹی آف کمالیہ میں آسامیاں خالی، خواہشمند حضرات 23 دسمبر سے پہلے درخواست جمع کروا سکتے ہیں

ہفتہ 3 دسمبر 2022 22:26

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2022ء) یونیورسٹی آف کمالیہ میں آسامیاں خالی، خواہشمند حضرات 23 دسمبر سے پہلے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ تفصیل کے مطابق اسی سال تشکیل پانے والی یونیورسٹی آف کمالیہ میں پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرار کے لئے مختلف شعبہ جات میں تقریباً 50 سے زائد آسامیاں خالی ہیں جن پر خواہش مند حضرات 23 دسمبر سے پہلے پہلے درخواست دے سکتے ہیں۔

درخواست جمع کروانے کے لئے درخواست دہندہ کا پاکستانی ہونا، دہر ی شہریت نہ ہونا اور کسی غیر ملکی مرد یا خاتون سے شادی شدہ نہ ہونا ق*لازمی ہے۔ سرکاری اداروں کے ملازمین بھی ان آسامیوں کے لئے درخواست جمع کروانے کے اہل ہیں جس کے لئے انہیں اپنے ادارے سے این او سی لیٹر سمیت دیگر ضروری کاغذات جمع کروانے لازمی ہوں گے۔

(جاری ہے)

درخواست دہندگان مقررہ تاریخ تک دفتر ی اوقات کار میں قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈیپارٹمنٹ میں قائم وائس چانسلر کے عارضی آفس میں درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔

یونیورسٹی آف کمالیہ میں خالی آسامیوں پر درخواست دینے کے لئے تعلیمی قابلیت ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی پالیسی کے مطابق ہے۔ درخواست کے ساتھ متعلقہ آسامی کا بینک میں جمع شدہ چالان بھی لف کرنا ضروری ہے جس کی فیس پروفیسر تین ہزار روپے، ایسوسی ایٹ پروفیسر پچیس سو روپے، اسسٹنٹ پروفیسر دو ہزار روپے اور لیکچرار کے لئے پندرہ سو روپے مقرر کی گئی ہے جو کہ ناقابل واپسی ہو گی۔ چالان فارم کی فیس مسلم کمرشل بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ درخواست کے ساتھ جمع شدہ چالان فارم لف کرنا ہو گا