وقار مہدی بلامقابلہ سینیٹر منتخب ،الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

ایم کیو ایم نے اپنے تین امیدواروں احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری کو سینیٹ الیکشن سے دستبردارکردیا

ہفتہ 3 دسمبر 2022 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پرپیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ، الیکشن کمیشن نے ان کی کامیابی کا نوٹیفیشیکشن بھی جاری کردیا ہے۔ایم کیوایم پاکستان نے پیپلزپارٹی کی قیادت کے مفاہمتی پیغام کے بعد سینٹ الیکشن کے لیے اپنے تین امیدواروں احمد سلیم صدیقی، طارق منصور اور سبین غوری کو سینیٹ الیکشن سیدستبردارکردیا ،ہفتہ تین دسمبرکوکاغذات نامزدگی واپس لینے اوردستبرداری کا آخری دن تھا جبکہ پیپلز پارٹی کے متبادل امیدوار عاجز دھامرا بھی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔

ایم کیو ایم کے 3 امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے تینوں امیدواروں کی جانب سے دستبردار ہونیکی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی سے دستبرداری کی درخواستیں منظور ہونے کا اعلان کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کیوقار مہدی کا سینیٹ کی جنرل نشست پر بلامقابلہ کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔صوبائی وزیرسید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کچھ ماہ پہلے ہی ایم کیو ایم سے نام مانگ لیے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کے لیے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر شپ دینے اور سینیٹر شپ لینے کا معاملہ ڈیل نہیں مفاہمت کا تسلسل ہے۔