خصوصی افراد کیلئے مواقع پیداکرنے میں کاروباری برادری اورنجی تنظیمیں حکومت کے ساتھ مل کرکاکام کریں، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی

ہفتہ 3 دسمبر 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کاروباری برادری اور نجی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ خصوصی (معذور) افراد کیلئے مواقع پیداکرنے میں حکومت کے ساتھ مل کرکاکام کریں تاکہ ایسے افرد کو بہتر زندگی گزارنے اور معاشرے میں اپنا کردارادا کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔وہ ہفتہ کوگورنر ہاوس سندھ میں عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتمام خصوصی افراد کے موضوع پر انٹرایکٹو ڈائیلاگ سے خطاب کررہے تھے۔

صدرمملکت نے کہاکہ حکومت خصوصی افراد کو ان کے حقوق اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ حکومت اکیلی یہ سب نہیں کر سکتی اور نجی شعبے کو اس سلسلے میں آگے آنا چاہیے۔ خاتون اول ثمینہ علوی بھی اس موقع پرموجود تھیں۔

(جاری ہے)

صدرنے کہاکہ معذورافراد کے حوالہ سے معاشرے کو شمولیت اور قبولیت کے حوالہ سے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسمانی معذور ، بصارت ، سماعت سے محروم اور ذہنی طور پر معذور افراد کو ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کی جائے اور ان کے لیے عوامی مقامات تک رسائی میں اضافہ کیلئے بہترحالات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔صدر نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے سے انہیں معاشرے کے زیادہ مفید اورثمرآور شہری بننے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے وفاقی، تمام صوبائی حکومتوں اورمتعلقہ شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کے لیے ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے ٹیکنالوجیز کی فراہمی میں اپنا کردار اداکریں ۔صدر نے کہا کہ خصوصی افراد کے اندراج کیلئے تعلیمی اور تربیتی اداروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے خاص کر جسمانی، بصری یا سماعت سے محروم افراد کو بلا تفریق تربیت یافتہ اساتذہ کی دستیابی پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی کل آبادی کا تقریبا 10 فیصد خصوصی افراد پر مشتمل ہے۔صدرنے نادراکی جانب سے معذوری کارڈز کے اجرا کی تعریف کی اورمعذور افراد کی درست تاریخ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، صدرمملکت نے اس ضمن میں مزید موثر اور جامع آگاہی مہم چلنے کی ضرورت پرزوردیا تاکہ خصوصی افراد خود کو رجسٹر کرنے اور سہولیات حاصل کرنے کے لیے آگے آئیں۔

صدر نے تعلیمی اور دیگر اداروں سمیت مختلف مقامات پر حرکت پذیر ریمپ اور وہیل چیئرز کی دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر انہوں نے خصوصی افرادکو درپیش مشکلات اورچیلنجوں پر قابو پانے کے لیے انٹرایکٹو ڈائیلاگ کے شرکا سے تجاویز اور آراء طلب کیں۔صدر نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے کردار کو بھی سراہا، انٹرایکٹو ڈائیلاگ میں عالمی ادارہ صحت ، نادرا اور دیگراداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔قبل ازیں ڈبلیو ایچ او کی تکنیکی مشیر ڈاکٹر مریم ملک نے کہا کہ ہر سال معذور افراد کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز کا تیسرا ڈائیلاگ ہے اور اس طرح کے دو پروگرام پہلے ہی اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں ہو چکے ہیں۔