سونے کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 40 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی

muhammad ali محمد علی اتوار 4 دسمبر 2022 00:17

سونے کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2022ء) سونے کی قیمت میں اضافے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 40 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جہاں گزشتہ چند ماہ کے دوران روپیہ بدترین بدحالی کا شکار ہوا، اسی طرح ملک میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بھی تمام ہی ریکارڈ پاش ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک ہفتے کے دوران 10 گرام سونا 1 لاکھ40 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا ۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں بھی 2ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 1لاکھ61ہزار300روپے سے بڑھ کر1لاکھ63ہزار300روپے ہو گئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح 1715 روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت 1لاکھ38ہزار288روپے سے بڑھ کر1لاکھ40ہزار 3روپے ہو گئی۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب 10 گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 40 ہزار روپے کی نفسیاتی حد کو عبور کر گئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ناصرف پاکستان بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی
 قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا39ڈالر مہنگا ہو گیا، فی اونس سونے کی قیمت1759ڈالر سے بڑھ کر1798ڈالر پر جا پہنچی ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ توڑ اضافے کی وجہ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی ہے۔ ملک میں موجودہ وفاقی حکومت کے 8 ماہ کے وقت میں اب تک کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 40 روپے سے زائد مہنگا ہو چکا، یہ اعداد و شمار اسٹیٹ بینک کی جانب سے پیش کیے جاتے ہیں، تاہم سینئر صحافیوں اور معاشی ماہرین کے مطابق کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 223 روپے سے کہیں زیادہ ہے۔