وفاقی وزیر خورشید شاہ نے علاج کیلئے برطا نیہ جانے کی درخواست دے دی

احتساب عدالت نے بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 دسمبر 2022 10:17

وفاقی وزیر خورشید شاہ نے علاج کیلئے برطا نیہ جانے کی درخواست دے دی
سکھر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2022ء ) وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ نے علاج کیلئے برطا نیہ جانے کی درخواست دے دی۔ جیو نیوز کے مطابق سینئر پی پی رہنماء کی طرف سے احتساب عدالت سکھر کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے صرف ایک بار ای سی ایل سے نام خارج کیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ خورشید شاہ کی درخواست کے جواب میں احتساب عدالت نے بیماری کے تعین کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کاحکم جاری کر دیا، جس کے ساتھ ہی عدالت نے خورشید شاہ کو میڈیکل رپورٹ کے ساتھ اگلی سماعت پر 13 دسمبر کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔

بتاتے چلیں کہ وفاقی وزیر خورشید شاہ کے خلاف احتساب عدالت سکھر میں ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر خورشیدشاہ کی ضمانت منظور ہونے کے ساتھ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، اس ضمن میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے رہنماء پیپلزپارٹی سید خورشید شاہ کی ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا، سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب نے خورشید شاہ پر بےنامی داروں کا الزام لگایا، نیب الزام کے دفاع میں ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا، گرفتاری کے دو سال بعد بھی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس منصورعلی شاہ نے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب خورشید شاہ اوران کے فیملی ممبران کے اثاثوں سے متعلق ٹھوس مواد پیش نہیں کرسکا، بےنامی داروں کی جائیداد خورشید شاہ کی ہونے اور اثاثوں کی سیل ڈیڈ مالیت مسترد کرنے کے شواہد بھی پیش نہیں کیے گئے، نیب نے خورشید شاہ کی زرعی آمدن کا تخمیمہ بھی قانون کے مطابق نہین لگایا۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بنکنگ ٹرانزیکشنز سے متعلق لگائے الزامات کو تسلیم کرنے کا بھی کوئی گراونڈ نہیں، نیب الزام کے دفاع میں ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا، گرفتاری کے دو سال بعد بھی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا، لہذا خورشید شاہ کو مزید حراست میں رکھنا غیرقانونی اور بنیادی حقوق کے منافی ہوگا، جس پر عدالت نے خورشید شاہ کی ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔