کابل، پاکستانی ناظم الامور پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے

اتوار 4 دسمبر 2022 12:05

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا کہ اس نے پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، جو محفوظ رہے۔اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے دو ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں،پاکستانی سفارتخانے کے ایک افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک حملہ آور گھروں کے پیچھے سے آیا اور فائرنگ کرنا شروع کر دی تاہم ناظم الامور اور دیگر عملہ محفوظ رہا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملے میں ایک پاکستانی سکیورٹی گارڈ سپاہی اسرار محمد مشن کے سربراہ کی حفاظت کرتے ہوئے شدید زخمی ہوئے ہیں۔