شوہر نے 2 کروڑ انشورنس ہتھیانے کیلئے بیوی کو ٹریفک حادثے میں مروا دیا

کرائے کے قاتل کو ہائر کیا گیاجس نے اپنی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار منیش چند کی بیوی اور اس کے کزن کو ہلاک کر دیا، پولیس

اتوار 4 دسمبر 2022 12:05

راجستھان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) بھارت میں ایک شوہر نے تقریباً 2 کروڑ روپے انشورنس کی رقم ہتھیانے کے لیے بیوی کو ٹریک حادثے میں قتل کروا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے رہائشی منیش چند نے ایک کرائے کے قاتل کو ہائر کیا جس نے اپنی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار منیش چند کی بیوی اور اس کے کزن کو ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ اکتوبر میں پیش آیا جب منیش کی بیوی شالو اپنے کزن راجو کے ہمراہ مندر جا رہی تھی۔پولیس کے مطابق منیش اور شالو کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے اور منیش نے قتل کے منصوبے سے کچھ عرصہ قبل ہی شالو کی انشورنس کرائی تھی اور 2019 میں شالو کی شکایت پر ایک مرتبہ اس کے شوہر منیش کو جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی تھی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منیش نے قتل کے منصوبے کے تحت اپنی اہلیہ سے کہا کہ پنڈت نے اسے کہا ہے کہ اگر اس کی اہلیہ 12 مرتبہ مندر کا دورہ کرے گی تو تم دونوں خوشحال زندگی گزارو گے جبکہ منیشن نے اہلیہ شالو کو قتل کرنے کے لیے مکیش سنگھ راٹھور نامی شخص کو 10 لاکھ کی طے کردہ رقم میں سے ساڑھے 5 لاکھ روپے ایڈوانس میں دیے۔

پولیس کا کہنا ہے شوہر کے بار بار اصرار پر شالو نے اپنے کزن کے ساتھ موٹر سائیکل پر مندر جا رہی تھی کہ کرائے کے قاتل نے اپنی گاڑی جان بوجھ کر ان کے موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس سے دونوں کی موت واقع ہو گئی۔جے پور پولیس نے منیش چند اور مکیش سنگھ راٹھور سمیت 5 افراد کو گرفتار کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔