Live Updates

’پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی رہی تو ہم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی طرف جائیں گے‘

عمران خان نے ممبران اسمبلی کو ہدائیت کی ہے کہ حلقوں میں واپس پہنچیں اور انتخابات کی تیاری کریں۔ پی ٹی آئی رہنماء فواد چوہدری کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 دسمبر 2022 12:18

’پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی رہی تو ہم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی رہی تو ہم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی طرف جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ممبران اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ حلقوں میں واپس پہنچیں اور انتخابات کی تیاری کریں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم انتخابات سے ایسے ہی بھاگتی رہی جیسے اب بھاگ رہی ہے تو ہم مزید وقت ضائع کیے بغیر پنجاب اور پختونخواہ کےصوبائی انتخابات کے لیے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلے کرلیے اب وفاقی حکومت فیصلہ کرے، جب تک آپ کے فیصلے بند کمروں سے باہر نہیں نکلیں گے، عوام کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے پاکستان آگے نہیں جا سکتا، پی ٹی آئی میں ایک فارورڈ بلاک بنا تھا سندھ ہاؤس میں، اس کی حالت آپ دیکھ لیں، نواز شریف، زرداری ملک لوٹ کر باہربھاگ جاتے ہیں، الیکشن کا نام سن کر ان کوغشی کے دورے پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنی ہیں، نہ گورنر روول لگ سکتا ہے اور نہ ہی الیکشن روکنے کے لیے اسمبلیوں میں کوئی قدغن آسکتی ہے، پی ڈی ایم سے کہتا ہوں کہ آپ عوام میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکتے الیکشن کیا لڑیں گے، یہ باہر سے آکر ملک کو لوٹتے ہیں اور پھر باہر چلے جاتے ہیں، اس لیے نوازشریف تو شاید واپس نہ آئیں یہ سارے لندن چلے جائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز الہٰی اور محمود خان نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار عمران خان کو دیا، پاکستان کے عوام عمران خان کےساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے 75 فیصد عوام الیکشن چاہتے ہیں کیوں کہ آپ سے ملک نہیں چل رہا، حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کی، ن لیگ کے رہنماوں نے عجیب وغریب پریس کانفرنس کی، کیا ان دونوں کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے بطورِ مرغا پالا ہوا ہے کہ ہر معاملے میں چونچ مارنا شروع کر دیں، ان میں جرات ہونی چاہیے اپنے لیڈران سے این آر او کے بارے میں پوچھیں، اگران کو برا لگتا ہے کہ لوگ انہیں چور، ڈاکو کہتے ہیں تو اپنے لیڈران سے پوچھیں، دونوں جماعتوں کی لیڈرشپ کی لوٹ مار پر کیا کسی کو شک ہے؟ جب آپ کی لیڈرشپ ملک کا پیسہ لوٹے گی توڈاکوہی کہا جائے گا، اسی لیے رانا ثنا اللہ، خواجہ سعد رفیق اپنے حلقوں میں بھی بغیر گارڈ کے نہیں نکل سکتے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات