آئی ٹی کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30 سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔ چوہدری پرویزالٰہی کی وفد سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 دسمبر 2022 13:06

آئی ٹی کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لا رہے ہیں، وزیراعلیٰ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2022ء ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ صوبے میں آئی ٹی کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدام بروئے کار لا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے انگلینڈ سے آنے والے پاکستانی نژاد وفد نے ملاقات کی، وفد میں پولو کے سابق کھلاڑی، کوچ اور آئی ٹی ماہرین شامل تھے، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت پنجاب میں پولو کھیل کے فروغ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دور حاضر میں تیز ترین ترقی کا پائیدار راستہ ہے، پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30 سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی نے صوبائی دارالحکومت میں 500 سے زائد الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 19واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور میں 513 ہائبرڈ/الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور فیڈرروٹ کے لئے مزید بسیں لانے کا پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور سپیڈو فیڈر بس سروس کی لاہورسے شیخوپورہ اورمریدکے تک توسیع کی بھی منظوری دی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے کی کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران چوہدری پرویز الٰہی نے کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے فیصلے کی منظوری دی۔

بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے پنجاب کی کچی آبادیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کچی آبادیوں کی تفصیلات وزیراعلیٰ آفس کو بھجوائی جائیں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا پلان بھی تیار کیا جائے۔ معلوم ہوا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی نے مالکانہ حقوق دینے کے لیے بورڈ آف ریونیو سے حتمی سفارشات طلب کرلی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ 10 مرلے تک اراضی والے مکینوں کو مالکانہ حقوق دیں گے، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے کیلئے تمام امور جلد طے کیے جائیں اور اس حوالے سے جلد از جلد تمام تر اقدامات کیے جائیں۔