حج و عمرہ بہت بڑی سعادت اور قرب خداوندی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے، محمد ندیم قادری

اتوار 4 دسمبر 2022 13:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2022ء) آستانہ عالیہ حنفیہ قادریہ بھیکو شور کے سجادہ نشین بابا جی محمد ندیم قادری نقشبندی نے کہا ہے کہ حج و عمرہ بہت بڑی سعادت مندی اور قرب خداوندی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے،خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو بیت اللہ شریف اورمدینہ پاک کی زیارت کرتے ہیں جہاں ہر وقت انوار و تجلیات کی بارش ہوتی ہے،حرم خانہ کعبہ میں ایک فرض نماز کا ثواب ایک لاکھ نماز اورحرم مدینہ شریف میں ایک نماز کا ثواب پچاس ہزار نمازوں کے برابر ملتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمرہ شریف کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچنے پر مبارک باد دینے کے لئے تشریف لائے ہوئے پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی اور خلیفہ مجاز گھمکول شریف پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے در کی زیارت انہیں نصیب ہوتی ہے جن کو اللہ تعالیٰ اور سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی طرف سے بلاواآتا ہے۔

اس موقع پر پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی نے کہا کہ محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہمارے ایمان کی اساس اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت جس دل میں ہے وہ کبھی بھی ویران نہیں ہوسکتااورذکر خدا و ذکر مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی ہماری روح کی اصل غذا ہے اور یہی ذکر دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کا ضامن ہے۔اس موقع پر صاحبزادہ محمد زریاب اشرف صدر مشائخ وعلماء کونسل یوتھ ونگ سیالکوٹ،میاں محمدرضوان اور عمرہ شریف کی سعادت حاصل کرنے والے بابا جی ندیم نقشبندی کے صاحبزادے عبدالوہاب نقشبندی بھی موجودتھے۔