پاکستان نے کابل میں سفارتخانے پر حملے میں خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی

اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ نے گزشتہ روز کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر دہشتگرد حملے کی ذمے داری قبول کی ہے،ترجمان دفترخارجہ

اتوار 4 دسمبر 2022 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) پاکستان نے گزشتہ روز کابل میں اپنے سفارتخانے پر حملے میں اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ نے گزشتہ روز کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر دہشتگرد حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پاکستان افغان حکام سے بات چیت کے بعد اس دہشتگرد حملے میں اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ کے ملوث ہونے کی تصدیق کرتا ہے۔

اس سے قبل غیرملکی خبر رساں ادارے کی دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ پر شائع بیان میں کہا گیا تھا کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔