راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف

میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 264 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 دسمبر 2022 15:18

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 دسمبر 2022ء ) راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 343 رنز کا ہدف دے دیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 264 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ تفصیلات کے مطابق میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز کے آغاز میں انگلش اوپنر بین ڈکٹ نسیم شاہ کی گیند پر سلمان آغا کا شکار بنے وہ پہلے اوور کی دوسری گیند پر صفر پر ہی آؤٹ ہوئے، اس کے بعد اولی پوپ کو محمد علی نے 13 رنز کے ساتھ پویلین واپس بھیجا، محمد علی نے ہی انگلش کھلاڑی زیک کرولی کو ففٹی ہوتے ہی آؤٹ کیا، مہمان ٹیم کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب بلے بار جوروٹ زاہد محمود کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے کر چلتے بنے تب تک وہ 73 رنز بنا چکے تھے، جس کے بعد انگلینڈ کپتان بین سٹوکس زیادہ دیر پچ پر نہ رک سکے اور 3 گیندوں پرکوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے، ول جیکس 24 رنز جبکہ ہیری بروک 87 رنز نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا، آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ ہوئے اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا ہی شکار ہوگئے۔

انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہوئی کیوں کہ انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلش ٹیم کی طرف سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی طرف سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :