پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے‘رفاقت علی گیلانی

صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین اقدامات جاری ہیں

اتوار 4 دسمبر 2022 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے، صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین اقدامات جاری ہیں،عوام کی فلاح و بہبود اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے اپنے حلقہ سے آئے وفد سے ملا قات میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سرکاری محکموں کو بچت پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اس سلسلہ میں مالیاتی امور میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنادیا گیا ہے اورسرکاری محکموں میں مالیاتی ڈسپلن ہر صورت برقرار رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کے وسائل کی امین ہے اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی ضرورت اور فلاح و بہبود کو مد نظر رکھا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کرکے لاگت بڑھانے کی روایت کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ترقیاتی وسائل کا بروقت استعمال ضروری ہے۔محکمے جاری کردہ فنڈز کا درست اور بروقت استعمال یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کے مقررہ مدت کے اندر استعمال اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرتی رہے گی۔