جماعت اسلامی نے اسلام آباد کی ترقی کیلئے 100 دن کا پروگرام جاری کردیا، میاںمحمد اسلم مئیر کیلئے نامزد

جدید ترقی یافتہ اسلام آباد کے سلوگن سے منشور تیار، میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے اہل اور دیانت دار نمائندے میدان میں اتار دئیے،نائب امیرجماعت اسلامی پہلی بار اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں،ترازو نے عوامی منشور دیا ہے، نصر اللہ رندھاوا

اتوار 4 دسمبر 2022 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے جماعت اسلامی نے نائب امیر وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مئیر کیلئے نامزد کردیا ہے جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے 101 نکات پر مبنی عوامی منشور جاری کردیاہے۔ جماعت اسلامی نے ترازو کے نشان پر یونین کونسل کے امیدواران اور پیشہ وارانہ ماہرین کے ہمراہ میاں محمد اسلم کے گھر عوامی منشور کو پیش کرتے ہوئے انتخابات جیتنے کے بعد پہلے 100 دن کا ہنگامی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبہ کا پروگرام بھی جاری کردیا ہے۔

میاں اسلم نے کہاکہ اسلام آباد مافیا کی آماجگاہ بن چکا ہے اور یہاں کے شہری ایک یا دو نہیں کئی طرح کے اسلام آباد میں رہ رہے ہیں،دارالحکومت میں مضافاتی علاقوں میں بدترین انتظامی صورتحال ہے جس کے سبب عوام کے پاس بنیادی سہولیات نہیں ہے،اسلام آباد کا ترقیاتی فند مخصوص علاقوں میں لگا کر اشرافیہ کو خوش کیا جاتا ہے جبکہ شہر کے دیگر سیکٹرز اور دیہی علاقوں کی صورتحال دیکھ کر نہیں لگتا کہ یہ دارالحکومت کا حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

میاں اسلم نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی اس شہر سے قومی اسمبلی کی سیٹ جیت کر عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کر چکی ہے جبکہ اب میٹروپولیٹن کارپوریشن میں بھی حکومت بنانے کے عزم کیساتھ دیانت دار، پڑھے لکھے اور اہل عوامی نمائندوں کو ٹکٹ جاری کر کے میدان میں ہیں جو اسلا م آباد کو خوبصورت، جدید اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سابقہ مئیر اور کارپوریشن نے دارالحکومت کے پہلے بلدیاتی نظام کو تقویت دینے کے بجائے سبوتاژکیا جس کی وجہ سے عوام کا ان دوجماعتوں سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے، ہم نے اسلام آباد کی ترقی کیلئے فوری طور پر ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ، شاہراہوں کی صفائی و خوبصورتی،50ہزار نوجوانوں کی سکل ڈیولپمنٹ، 10 ہزار خواتین کو یوسی کی سطح پر روزگار کی فراہمی، گلوبل کلچر سینٹر کے قیام، اقلیتوں، لیبر اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے تحفظ کا مکمل منصوبہ تشکیل دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماہرین کی مدد سے پہلے 100 دن میں غیر معمولی اقدامات سے شہریوں کے دل جیت لیں گے۔ میاں اسلم نے کہا کہ اسلام آباد میں متفرق اداروں کے مابین بہتر شہری سہولیات کے نفاذ کے لئے مضبوط رابطہ ہماری ترجیح اول ہوگی تاکہ عوام کو در در کی ٹھوکریں نہ کھانی پڑیں،جماعت اسلامی جیتنے کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی بجٹ میں غیر معمولی اضافہ کیلئے فنانس اور ٹیکس کے ماہرین کے ساتھ منصوبہ تشکیل دے چکی ہے جبکہ عوامی خدمت کیلئے صحت، تعلیم، ماحولیات،ای گورننس،خواتین، نوجوان،اقلیت،تاجر، کلچر،ٹریفک وٹرانسپورٹ کیلئے الگ الگ منشور تشکیل دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر مسائل کے حل کیلئے الگ الگ منشور ترتیب دیا گیا ہے، اسلام آباد میں صحت کے مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نصر اللہ رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی 85 سے زائد یونین کونسلز میں اپنے امیدواران میدان میں اتارے ہیں جس میں 50 فیصد ٹکٹ یوتھ کو جاری کئے ہیں،درجنوں امیدواران بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں،ہمارے امیدواران اہل اور دیانتدار قیادت کے طور پر سامنے آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ماہرین کی ٹیم نے سمارٹ گورننس کے تصور کو مد نظر رکھتے ہوئے محفوظ شہر، خودمختار وسائل، ماحولیات دوست اور ایک جاندار ثقافتی تہذیب پر منبی منصوبوں کے ساتھ خوبصورت اور ترقی یافتہ جدید اسلام آباد کو اپنا عزم بنایا ہے۔اس موقع پر صحت کا منشور ڈاکٹر طاہر فاروق، تعلیم کا منشور زبیر صفدر، ماحولیات کا منشور کرنل احسن زیدی، مارکیٹ گورننس کا منشور زاہد قرشی، امن عامہ و اصلاحات کا منشور ساجد چوہدری،قانون و انصاف کا منشور خضر حیات ایڈووکیٹ،خواتین کا منشور ڈاکٹر شاہین، نوجوانوں کا منشور دانیال عبد اللہ،مالیات کا منشور عزیزنشتر ایڈووکیٹ، سمارٹ گورننس کا منشور محمد نصراللہ اور رفاہی کاموں کا منشور الطاف شیر نے پیش کیا ۔