بھارتی ہائی کمیشن کی طر ف سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر، قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی بھارت میں ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت مشکوک

پیر 5 دسمبر 2022 14:52

بھارتی ہائی کمیشن  کی طر ف سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر، قومی بلائنڈ کرکٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کو ویزے دینے میں تاخیری حربے اختیار کررہا ہے جس کی وجہ سے ورلڈ ٹی ٹونٹی بلائنڈ کرکٹ کپ میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی شرکت مشکو ک ہوگئی ہے۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے پیر کو’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ ہم نے ویزوں کےلئے کھلاڑیوں کی تمام دستاویزات 12ستمبرکو بھارت بھجوائی تھیں جبکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاسپورٹ 23 نومبر کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھجوائے گئے تھے تاہم پاکستان میں بھارتی کمیشن ہمارے ساتھ تعاون نہیں کررہا جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے پاکستان کی وزارت خارجہ اورداخلہ اوربھارتی وزارت داخلہ اور وزارت کھیل نے بروقت قومی کھلاڑیوں کو این او سی جاری کئے تھے جس کے بعد ویزوں کے حصول کےلئے ہم نے پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن سے بارہا رابطہ کیا تاہم اس حوالے سے کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب (آج) پیر کو ہی ہورہی ہے جبکہ ایونٹ کا باقاعدہ آغاز(کل) منگل سے ہوگا۔

پاکستان ٹیم ٹورنا منٹ میں اپنا پہلا میچ کل منگل کو جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی تاہم متعلقہ دستاویزات بروقت جمع کروانے کے باوجودبھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے ابھی تک کھلاڑیوں کو ویزے ہی نہیں جا ری کئے گئے ۔ ایونٹ کا فائنل 17 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کےلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور چند روز قبل ورلڈ کپ کےلئے باضابطہ طور پر17 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا تھا ۔\932