تجاوزات کی وجہ سے تاجر برادری پریشان ہے، سی ڈی اے مشاورت سے مسئلہ حل کرے، سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر

پیر 5 دسمبر 2022 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ مارکیٹوں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کی وجہ سے تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لہذا سی ڈی اے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اس اہم مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دے،کسی بھی مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کرنے سے پہلے سی ڈی اے متعلقہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لے تا کہ خوش اسلوبی سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، سی ڈی اے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک مارکیٹ کو بطور نمونہ بنائے اور کامیاب تجربے کو دیگر مارکیٹوں میں عملی جامہ پہنایا جائے، تمام مارکیٹوں کی ٹریڈ ایسوسی ایشنیں اس مہم میں سی ڈی اے کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں کیونکہ یہ تاجروں کے مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (انفورسمنٹ) شاہ جہان خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تجاوزات کے معاملے پر تاجر برادری کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، شہزاد شبیر عباسی صدر ایف سکس سپر مارکیٹ، عبدالرحمن صدیقی جنرل سیکرٹری ایف سیون جناح سپر، زاہد قریشی سیکرٹری جنرل آئی ایٹ مرکز، عابد عباسی صدر جی ٹین مرکز، راجہ امتیاز جی نائن مرکز، آفتاب گجر صدر آئی الیون مرکز، ظفر اقبال صدر جی ٹین فور، چوہدری عرفان صدر سٹیل مارکیٹ آئی ٹین، اسلام آباد ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے صدر خرم خان اور دیگر مارکیٹوں کے نمائندوں نے بھی اپنی اپنی مارکیٹ میں تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے شاہ جہان خان کو آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ وہ ان کے خاتمے کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (انفورسمنٹ) شاہ جہان خان نے کہا کہ سی ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف زیرو برداشت کی پالیسی اپنائی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ متعلقہ مارکیٹوں کی ٹرید ایسوسی ایشنوں کو اعتماد میں لے کر تجاوزات کا خاتمہ کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ ان کے خاتمے سے تاجروں کو فائدہ ہو گا اور اسلام آباد کی خوبصورتی بحال ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت پاکستان کا چہرہ ہے لیکن بڑھتی ہوئی تجاوزات نہ صرف تاجر برادری کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہیں بلکہ شہر کی خوبصورتی کو بھی متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے تجاوزات کی نشاندہی کے لیے پہلے ہی کئی مارکیٹوں کا سروے کر لیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹوں کی ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے نمائندے اپنے رابطہ نمبرز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کو اعتماد میں لے کر اس مسئلے کو حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تین طرح کی تجاوزات اسلام آباد میں عام ہیں جن میں باہروالے لوگوں کی جانب سے مارکیٹوں میں لگائی گئی رہڑھیاں، دکانداروں کی جانب سے تجاوزات اور تعمیرات کی خلاف ورزیاں شامل ہیں لہذا ان سب کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت لگائی گئی رہڑھیوں کو بھی مارکیٹوں سے الگ جگہ پر منتقل کرنے پر غور و خوض ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے تمام شو رومز کو مارکیٹوں سے ہٹا کر انہیں مناسب جگہوں پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے کیونکہ یہ بھی مارکیٹوں میں تجاوزات کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی تجاوزات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں آگاہی مہم چلائے گی۔