ڈویژن بھر میں سرکاری آٹے کی بلاتعطل سپلائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ڈی ڈی فوڈ

پیر 5 دسمبر 2022 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں سرکاری آٹے کی بلاتعطل سپلائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔سیکرٹری خوراک پنجاب نادرچٹھہ کی ہدایت پر چاروں اضلاع میں گندم سمگلنگ روکنے کیلئے سخت ناکہ بندی جاری ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے مختلف فلورملوں کے اچانک چھاپے کے دوران کیا۔

آصف رضا نے مزید کہا کہ فلور ملز کو کوٹے کی مکمل پاسداری کا الٹی میٹم دے دیا ہے کسی طور شہریوں کا حق مافیا کو کھانے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے ضلع وہاڑی کے علاقے میں سمرا فلور ملز چوک میتلا پر اچانک چھاپہ مارا اور جعلی ریکارڈ مرتب کرکے مارکیٹ سپلائی ہونے والے ایک ہزار تھیلے پکڑ لئے۔ کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نے فلور ملز کا کوٹہ معطل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیر صغیر نے ملتان کی سلطان فلور ملز پر ایکشن لیتے ہوئے سرکاری تھیلے سے آٹا نکال کر بلیک مارکیٹنگ کرنے پر مل 7 روز کیلئے بند کردی۔ڈی ایف سی نے بدعنوانی ثابت ہونے پر سلطان فلور مل کو 90ہزار جرمانہ بھی عائد کردیا۔