Live Updates

نوازشریف کی وفاقی حکومت کو پوری توجہ معیشت بحالی پرمرکوز رکھنے کی ہدایت

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں تبدیلی کا معاملہ ہماری ثانوی ترجیح ہے، پنجاب میں حکومتی تبدیلی کے عمل کو روک کر وفاقی حکومت پوری توجہ معیشت بحالی پر مرکوز رکھے۔ قائد ن لیگ نوازشریف کی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 5 دسمبر 2022 18:04

نوازشریف کی وفاقی حکومت کو پوری توجہ معیشت بحالی پرمرکوز رکھنے کی ہدایت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر 2022ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے حکومت کومعیشت بحالی پرتوجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں تبدیلی کا معاملہ ہماری ثانوی ترجیح ہے، پنجاب میں حکومتی تبدیلی کے عمل کو روک کروفاقی حکومت پوری توجہ معیشت بحالی پر مرکوز رکھے۔

سماء نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں درمیان پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد اور اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر بھی غور کیا۔ آصف زرداری نے نوازشریف کو یقین دہانی کرائی کہ پرویز الٰہی عمرا ن خان کی فرمائش پر اسمبلی نہیں توڑیں گے، پرویزالٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، جس پرنوازشریف نے آصف زرداری کی رائے سے پارٹی رہنماؤں کو آگاہ کردیا ہے،یوں آصف زرداری کی یقین دہانی پر پنجاب میں تبدیلی کیلئے پی ڈی ایم کی سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطہ ہوا،ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تینوں رہنماؤں نے دیگر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لانے کا فیصلہ کیا ہے،اس موقع پر پنجاب میں فوری کسی بھی مہم جوئی سے اجتناب کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ مارچ تک پنجاب اسمبلی نہیں توڑیں گے۔

عمران خان کو زبان دی ہوئی ہے، کچھ لکھ کر نہیں دیا،جب کہیں گے اسمبلیاں توڑ دیں گے4 ماہ تک کچھ نہیں ہونے والا۔عمران خان کو میر صادق میر جعفر نہیں کہنا چاہیے تھا۔مونس الٰہی نے بھی کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر تنقید نہ کی جائے،ہمیں اداروں پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔ہماری پالیسی ہی نہیں کہ اداروں کے خلاف بات کریں۔عزت دینے سے آپ کی عزت بڑھے گی۔ اس سے قبل کہا گیا تھا کہ پی ڈی ایم جماعتیں پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد کے ووٹ کا آپشن استعمال کریں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات