نکھرا ایبٹ آباد کے تحت 6 دسمبر سے 19 ہفتوں پر مشتمل صفائی مہم کا آغازہو گا، ڈپٹی کمشنر

پیر 5 دسمبر 2022 22:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت نے کہا ہے کہ نکھرا ایبٹ آباد کے تحت 6 دسمبر سے 19 ہفتوں پر مشتمل صفائی مہم کا آغازہو گا،مہم کے تحت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اور عام آدمی کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان خیا لا ت کا اظہا ر انہو ں نے نومبر 2022 ڈسٹرکٹ پروفارمنس ری ویو اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات پروفارمنس کو مزید بہتر بناتے ہو ئےشہریوں کی شکایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں،کھلی کچہریوں میں سامنے آنے والی شکایات پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے شہریوں کو فیڈ بیک یقینی بنایاجائے،پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول شکایات پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،شہریوں سے موصول شکایات پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے لوگوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ریونیو سٹاف اور ریونیو سروسز کی فراہمی کو سہل اور بہتر بنانے کے لیے تمام ریونیو افسران تواتر کے ساتھ وزٹس، پڑتال یقینی بنائیں،یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء فروخت کا جائزہ، شکایات پر عملدرآمد، قیمتوں کے حوالے سے سٹورز انتظامیہ اور دیگر اضلاع سے رپورٹس چیک کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی اولین ترجیح ہے کہ تمام محکمہ جات کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے لوگوں کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں،سٹیزن پورٹل پر نیگٹو فیڈ بیک کا نوٹس، تمام متعلقہ افسران مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے شہریوں سے رابطہ، مسائل کا حل یقینی بنائیں،تمام ٹی ایم ایز بس اڈوں پر شہریوں کے لیے سہولیات یقینی بنائیں،پولی تھین بیگز کے استعمال کی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے،شہریوں کو بہتر ادویات اور صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ڈی ایف سی ایبٹ آباد پرائس کنٹرول کے حوالے سے سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں،ضلعی انتظامیہ کے افسران، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سبزی فروٹ اور پولٹری کے نرخ اپنی نگرانی میں مقرر کروائیں،تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر پرائس چیکنگ اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں،تمام ٹی ایم ایز اپنے ایریا میں غیر قانونی بل بورڈز کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں،ضلعی انتظامیہ کے افسران حلال فوڈ اتھارٹی اور کینٹ بورڈ کے تعاون سے ضلع بھر میں دودھ دہی کی موقع پر ٹیسٹنگ، ریسٹورنٹ کے کچن کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں اورپبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں موجود پانی کی ٹیسٹنگ فیسیلٹی کے زریعے ٹی ایم اے اور واسا پانی کی تواتر کے ساتھ ٹیسٹنگ یقینی بنائی۔

انہو ں نے مزید کہاکہ ریونیو افسران پٹوار خانوں میں شہریوں کو سروسز کی بہتری کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔اے ڈی پی سکیمز اور تمام ترقیاتی سکیموں کی چیکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔ پانی کی گزرگاہوں اور انکے کنارے کرش پلانٹس اور ریت کے حصول کے لیے کام کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں تمام محکمہ جات کی ماہ نومبر 2022 کی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام محکمہ جات کو تمام ٹاسک جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کیں۔ ٹی ایم۔اے لورہ، حویلیاں اور لوئر تناول، سی اینڈ ڈبلیو کو اپنے ایریا سے بل بورڈز اور غیر قانونی سپیڈ بریکرز کے خاتمے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔